حکیم الامت کی شاعری اقوامِ عالم کے لیے سرچشمہ حیاتعالمی یوم اردو کے موقع پر محبانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام حافظ عبدالرحیم کا توسیعی خطاب
حکیم الامت کی شاعری اقوامِ عالم کے لیے سرچشمہ حیات
عالمی یوم اردو کے موقع پر محبانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام حافظ عبدالرحیم کا توسیعی خطاب
گلبرگہ : 11/ نومبر : (محمدیوسف رحیم بیدری):
علامہ اقبال کی شاعری ہمیشہ زندہ رہنے والی شاعری ہے۔ ان کی شاعری محض ایک ذوقِ سخن نہیں، بلکہ عالمی سطح پر ہر قوم کی روحانی، فکری اور عملی حیات کے لیے ایک لازوال سرچشمہ ہے۔ اسی سبب علامہ اقبال کو آفاقی شاعر سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اقبال شناس جناب حافظ عبدالرحیم، معلم شعبہ حفاظ، پیس اسلامک اسکول گلبرگہ نے، محبانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام اتوار، 9 نومبر 2025 کو منعقدہ عالمی یومِ اردو کے موقع پر 'فکرِ اقبال: جاوید نامہ کے خصوصی حوالے سے' کے زیر عنوان اپنے توسیعی خطاب میں کیا۔ انھوں نے علامہ اقبال کی اس شہرہ آفاق فارسی نظم کی تعبیر و تشریح کرتے ہوئے ان کے فکر و فن کا بصیرت افروز جائزہ پیش کیا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ 'جاوید نامہ' فارسی شاعری کا ایک شاہکار اور اقبال کی فکری و فنّی پختگی کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ یہ ایک طویل تمثیلی نظم ہے، جس میں اقبال نے عشق، عقل اور حرکت و عمل کو نہایت وضاحت اور وسعت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ یہ نظم بنیادی طور پر امتِ مسلمہ اور نوعِ انسانی کو زوال سے نکل کر عروج کی جانب جانے کا راستہ دکھاتی ہے۔
ڈاكٹر غضنفر اقبال كی اطلاع كے بموجب صدر اجلاس جناب خواجہ پاشاہ انعام دار نائب صدر نے اپنے صدارتی خطاب میں علامہ اقبال کو بیسویں صدی کا عظیم و آفاقی شاعر، مفکر و دانشور اور حکیم الامت قرار دیا اور کہا کہ اقبال کی شاعری میں ایک ایسا نظامِ حیات پنہاں ہے، جو سوئی ہوئی اُمتِ مسلمہ میں بیداری، حرکت اور تمنائے عروج پیدا کرتا ہے۔
اجلاس کا آغاز مولوی مظہر احمد گرمٹکالی کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ انجنیئر محمد معین الدین سہروردی رکن عاملہ نے نذرانہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد نے خیر مقدمی کلمات ادا کیے اور اصحاب تہنیت جناب محمد امین الدین اور جناب محمد اسحاق پٹیل کی اردو خدمات پر روشنی ڈالی۔ جناب خواجہ پاشاہ انعام دار، ڈاکٹر انیس صدیقی، جناب محمد مجیب احمد نائب صدر، اور انجنیئر عارف مرزا نے اصحابِ تہنیت کو خراجِ تہنیت پیش کرنے کا فریضہ انجام دیا۔ معروف شاعر جناب سید سجاد علی شاد نے 'یومِ اردو' پر نظم کے ذریعے علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جناب سید طیب علی یعقوبی رکن عاملہ نے نظامت کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دئیے۔ شریک معتمد انجنیئر عارف مرزا کے اظہارِ تشکر
پر اجلاس نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پرستاران اقبال کی کثیر تعداد اس جلسے میں شریک رہی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں