آئین، ہند کو دکنی زبان میں جاری کرنے سے قبل کے ضروری اقدامات:میرؔبیدری
آئین، ہند کو دکنی زبان میں جاری کرنے سے قبل کے ضروری اقدامات:میرؔبیدری
۔31/ڈسمبر (پریس نوٹ) سال 2025ء ختم ہونے سے چارپانچ دن قبل اطلاع یہ آئی کہ 25/ڈسمبر کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر جمہوریہ ہند عزت مآب دروپدی مرمو صاحبہ نے سنتھالی زبان میں آئین ِ ہند کوجاری کیا۔ صدر جمہوریہ ہند کے علاوہ سنتھالی زبان جاننے والوں بلکہ لسانیات کے ماہرین اور لسانیات حامیوں کو جس کی مبارک بادمیں دل کی گہرائیوں سے دیتاہوں۔یہ بیان آج سہ شنبہ کو اردو اور دکنی زبان کے شاعر وادیب جناب محمدیوسف رحیم بیدری المعروف بہ میرؔبیدری نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ جاری کیا۔میرؔبیدری نے بتایاکہ اخبارات کے مطابق
سنتھالی زبان کو 92ویں ترمیمی ایکٹ، 2003 کے ذریعے آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل کیا گیا تھا، ہندوستان کی قدیم زندہ زبانوں میں سے یہ ایک زبان ہے جس کو جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال اور بہار میں قبائلی لوگوں کی ایک قابل ذکر تعداد بولتی ہے۔میری اس حوالے سے مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال اور ان کی ٹیم سے اپیل ہے کہ دکنی زبان میں بھی آئین ہند کوجاری کیاجائے کیوں کہ یہ ایک قدیم زبان ہے اور بیجاپور کے بادشاہوں کی ”راج بھاشا“ مبینہ طورپر رہی ہے۔ اس طرح دکنی زبان کوبھی اس کاحق ملے۔ دوسری جانب دکن جیسے وسیع علاقے میں رہنے بسنے والے حیدرآبادی، بیجاپوری، گلبرگوی،اورنگ آبادی، بیدری،بنگلوری،میسوری، کرنولی، ٹمل ناڈوی ودیگر احباب سے میری دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ اپنی مادری اور قدیم زبان ”دکنی“ کے بارے میں نئے سال 2026ء میں نئے سرے سے غور کرتے ہوئے حسب ِ ذیل اقدامات کریں۔ (۱) دکنی زبان آپ کی مادری زبان ہے۔ اس کو مادری زبان کی حیثیت سے قبول کرتے ہوئے ہچکچائیں نہیں۔ (۲) سوشیل میڈیا پر دکنی زبان کو ڈیجیٹل طریقے سے ویڈیوز کے ذریعہ فخر سے پیش کیاجارہاہے، لیکن اس کو پرنٹنگ کی زبان میں بھی پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا دکنی اخبارات اوردکنی رسائل نکالے جائیں۔ دکنی ای پیپر تو اولین ضرورت بن گئے ہیں۔ نوجوان اس طرف توجہ دیں جب کہ حیدرآباد کے اردو اخبارات دکنی زبان کے لئے ہر دن آدھا صفحہ مختص کریں جس میں خبروں کے علاوہ دکنی زبان کے مضامین بھی شامل کئے جائیں۔ (۳) دکنی میں لکھنے والے مصنفین، انشاء پرداز، شاعر، افسانہ نگار، ناقدین کی بھرپور حوصلہ افزائی فرمائیں۔ (۴)دکنی زبان سنجیدہ مضامین کی متحمل ہمیشہ سے رہی ہے۔ اس کو شعری مزاح اورشعری طنز تک محدود نہ فرمائیں۔ (۵) اسکولوں اورکالجس میں دکنی کے نفاذ کے لئے اپنی سی سعی کریں، دکنی میں لکھی جارہی کتابوں کوخریدیں (۶) ہرسال ”یوم ِ دکنی“ باوقار طریقے سے منائیں (۷) دکنی زبان کے حق کے لئے ہر فورم پر نمائندگی کریں۔ میرؔبیدری نے دکنی زبان کے فروغ اور اس کے حق کے لئے اللہ تعالی سے دعاکرتے ہوئے اس زبان کی حفاظت کے لئے آگے آنے کی مردوخواتین، نوجوانوں، ضعیفوں، لڑکیوں اور بچوں کے علاوہ دانشوروں اور اسکول وکالج کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں