میاسی اردو اکیڈمی کے سہ ماہی آن لائن اردو لرننگ کورس کی تکمیل پر جلسۂ تقسیمِ اسناد
میاسی اردو اکیڈمی کے سہ ماہی آن لائن اردو لرننگ کورس کی تکمیل پر جلسۂ تقسیمِ اسناد
چنئی (راست) : میاسی اردو اکیڈمی کے زیرِ اہتمام "سہ ماہی میاسی آن لائن اردو لرننگ کورس" کی کامیاب تکمیل کے موقع پر ایک باوقار جلسۂ تقسیمِ اسنادکا انعقاد کیا گیا. اس علمی و ادبی تقریب کی صدارت صدرِ میاسی جناب امتیاز پاشا صاحب نے فرمائی، جبکہ
معتمد اعزای، میاسی جناب نذر محمد صاحب بطورِ مہمانِ خصوصی شریکِ محفل رہے۔
جلسے کا آغاز عزیزم سید خالد کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر غیاث احمد نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے روح پرور فضا قائم کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر طیب خرادی نے نہایت خوش اسلوبی اور سلیقے سے انجام دیے۔ ابتدا میں چیئرمین میاسی اردو اکیڈمی جناب اے محمد اشرف صاحب نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور اکیڈمی کی تعلیمی و لسانی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب نذر محمد صاحب نے اپنے خطاب میں آن لائن اردو لرننگ کورس کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں اس نوعیت کے کورسز اردو زبان کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے میاسی اردو اکیڈمی کی خدمات کو سراہا اور منتظمین، اساتذہ و طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
صدرِ جلسہ جناب امتیاز پاشا صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں اردو زبان کے تحفظ اور اس کی نئی نسل تک منتقلی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میاسی اردو اکیڈمی کا یہ کا اردو لرننگ کورس ہمیشہ جاری و ساری رہے گا. اور اس کورس سے لوگ مستفید ہوتے رہیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس کورس کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے. تاکہ اس کا دائرہ کار مزید وسیع ہوسکے.
نیوکالج کے پرنسپل جناب اسرار شریف صاحب نے اپنے خطاب میں اردو کی اہمیت کو بیان کرتے اس کورس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے پر زور دیا.
اس آن لائن اردو لرننگ کورس کے بانی اور سابق معتمد اعزازی، میاسی جناب الیاس سیٹھ صاحب (مرحوم)، جن کا حال ہی میں انتقال ہوا، ان کی کمی کو تمام شرکا نے شدت سے محسوس کیا۔ مقررین نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورس انہی کی دور اندیشی اور خلوصِ نیت کا ثمرہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی اس علمی و تعلیمی کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور آخرت میں اس کا بہترین بدل عطا کرے۔
اس موقع پر ایک اہم علمی کتاب "جنوبی ہند میں اردو طنز و مزاح" از ڈاکٹر طیب خرادی کی رسمِ اجرا بھی انجام پائی، جو میاسی کے معزز ممبران اور اساتذۂ شعبۂ اردو کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اہلِ علم و ادب نے کتاب کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور اسے اردو ادب کے لیے ایک قیمتی اضافہ قرار دیا۔
آخر میں کورس کی کامیاب تکمیل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ واضح ہو کہ اس بیسک اور اڈوانس کورس میں تقریبا 150 سے زائد طباء وطالبات نے امتحان میں شرکت کی جس میں اندرونی ملک کے علاوہ بیرون ملک امریکہ، انگلینڈ، کناڈا، عرب امارات، سری لنکا اور ملیشیا سے بھی طلبا و طالبات نے اپنے جوابی پرچہ کو بذریعہ کوریئر ارسال کیا اور مدراس میں مقیم ان کے رشتہ داروں نے اسناد حاصل کی. اب تک اس کورس سے پانچ سو سے زائد طلباء وطالبات فائدہ اٹھا چکے ہیں. جلسے کے اختتام پر کنوینر میاسی اردو اکیڈمی جناب روح اللہ صاحب نے ہدیۂ تشکر پیش کرتے ہوئے کورس کی افادیت پر مختصر روشنی ڈالی اور تمام مہمانان، شرکا، اساتذہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اور اسی کے ساتھ یہ تقریب اختتام. پذیر ہوئی.
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں