طلبہ جامعہ دارالسنہ شیرور ،کرناٹک کی شاندار بیت بازی
طلبہ جامعہ دارالسنہ شیرور ،کرناٹک کی شاندار بیت بازی
متعدد گزشتہ سالوں کی روایت کے مطابق رواں تعلیمی سال26 -2025عیسوی میں طلبہ جامعہ دارالسنہ کی سالانہ بیت بازی 3 جنوری بروز سنیچر بعد نمازِ عشاء شیخ الجامعہ شیخ محمد توصیف عمری حفظہ اللہ کی زیر صدارت صحن جامعہ میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی۔
حسب ترتیب اس ادبی نشست کا آغاز سید مہدی بن سید مبارک الصف الاول کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ بعدہ عبداللہ شریف بن محسن شریف نے اپنی سریلی آواز میں نظم گنگنائی۔ اس کے بعد ثقافتی پروگرام کے مشرف شیخ افتخار احمد مدنی حفظہ اللہ نے بیت بازی کی اہمیت وافادیت پر مختصراً روشنی ڈالی اور اس مسابقہ کے اصول و ضوابط کو واضح کیا نیز اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بیت بازی کے لئے منتخب طلبہ کو دو گروپوں میں سولہ سولہ کی تعداد میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک گروپ کا نام قافلہِ ادب تجویز کیا گیا ہے تو دوسرے گروپ کو کاروانِ سخن سے موسوم کیا گیا ہے ،اپنی تمہیدی باتوں کے بعد آپ نے حکم صاحبان سے کرسی حکم پر جلوہ افروز ہونے کی گزارش کی ،حکم اول کے طور پر مشہورومعروف ادبی شخصیت و شاعر محترم جناب رحمت اللہ رحمت صاحب شیموگہ کا انتخاب کیا جبکہ دیگر دو حکم صاحبان شیخ ابو عمیر مدنی حفظہ اللہ اور حافظ محمد معین سنابلی حفظہ اللہ متعین تھے بعدہ بیت بازی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا پہلا مرحلہ پچاس منٹ تک زور دار انداز میں چلتا رہا کوئی فریق شعر پیش کرنے میں مد مقابل کو عاجز نہ کرسکا ۔اس کے بعد تقریبآ دس منٹ کا وقفہ رہا بعدہ دوسرے دور کی شروعات ہوئی، اس راؤنڈ میں بھی ہر فریق نے مقابل فریق کو مات دینے کی کوشش کی مگر کوئی کسی سے کمتر نہ ثابت ہوا، گیارہ بجکر پانچ منٹ پر طلبہ کی بیت بازی اختتام پذیر ہوئی جس کے بعد محترم جناب رحمت اللہ رحمت صاحب نے زبان وادب کے حوالے سے گراں قدر باتیں گوش گزار کیں.۔اور طلبہ کی بیت بازی کے متعلق حوصلہ افزا تاثرات پیش کیا.آپ نے بتایا کہ بیت بازی محض ایک کھیل نہیں ہے. اور نہ تو یہ قافیوں اور ردیفوں کی مشق ہے. بلکہ ذہن کی بیداری، حافظے کی مضبوطی اور زبان کی چاشنی کا ایک حسین مظاہرہ ہے. بیت بازی دراصل اردو ادب سے محبت کا اعلان ہےاور زبان سے تعلق کی زندہ علامت ہے. اور آخر میں آپ اپنے اشعار سنا کہ سامعین میں خوشی کا سماں باندھ دیا ۔
طلبہ کی بیت بازی کے بعد ابناء جامعہ میں سے متعدد ابناء نے نظم خوانی اور اشعار گوئی کا نہایت دلچسپ اور شاندار مظاہرہ کیا۔اس کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا ۔اسلامک ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے دونوں گروپوں کو گراں قدر نقد انعامات کے علاوہ اس بیت بازی میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے پانچ طلبہ کو خصوصی انعام سے نوازا گیا جبکہ ابناء جامعہ میں سے مصطفی بن ہاشم خان کی جانب سے دونوں گروپوں کے لئے پانچ پانچ ہزار روپیہ کا انعام دیاگیا ۔
اس پروگرام کے لئے طلبہ کو تیار کرنے اور ان کی اصلاح کرنے میں مشرفِ بیت بازی شیخ افتخار احمد مدنی حفظہ اللہ کے علاوہ اساتذہ جامعہ میں سے شیخ محمد صادق سلفی حفظہ اللہ ،شیخ شعیب حسان مدنی حفظہ اللہ ،شیخ عبدالعظیم محمدی حفظہ اللہ اور شیخ حافظ محمد فیضان ندوی حفظہ اللہ نے نہایت اہم کردار ادا کیا ۔ اس پروگرام سے طلبہ واساتذہ اور ابناء جامعہ کے علاوہ بستی کے احباب ذوق کی اچھی خاصی تعداد محظوظ ہوئی اور طلبہ کو خوب داد تحسین دی ۔
شکیب الرحمن مبارکپوری سلفی
جامعہ دارالسنہ شیرور کرناٹک
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں