*شادنگر میں پہلا دہا میں تکمیلِ قرآن کی مسرت:* *حافظِ قرآن کی حوصلہ افزائی پر ایس پی ہونڈا شائن 125 کا تحفہ،* *علامہ مفتی سید چندا حسینی و مولانا محسن پاشاہ کے ایمان افروز خطابات*
*شادنگر میں پہلا دہا میں تکمیلِ قرآن کی مسرت:* *حافظِ قرآن کی حوصلہ افزائی پر ایس پی ہونڈا شائن 125 کا تحفہ،*
*علامہ مفتی سید چندا حسینی و مولانا محسن پاشاہ کے ایمان افروز خطابات*
حیدرآباد، 28/فروری (پریس نوٹ)ضلع رنگا ریڈی کے فاروق نگر / شادنگر میں واقع مسجد عبداللہ میں روح پرور اور بابرکت اجتماع اُس وقت منعقد ہوا جب مولوی حافظ سید مذکر علی نعمان ولد حافظ سید مزمل علی عرفان ، خطیب مدینہ مسجد شادنگر ، نے پہلادہا میں مکمل قرآنِ حکیم سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ اس مبارک موقع پر مجلسِ انتظامی کمیٹی مسجد عبداللہ نے روزآنہ تین پارے سناتے ہوئے تکمیلِ قرآن کی عظیم سعادت پر حافظ صاحب کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ایس پی ہونڈا شائن 125 ٹو وہیلر بائیک پیش کر کے ضلع رنگا ریڈی میں ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی۔
اس بابرکت محفل کی سرپرستی رہبرِ شریعت ، پیرِ طریقت حضرت مولانا الحاج حافظ سید منور علی منان نقشبندی بانی و صدر تنظیم ائمہ و خطباء اہلِ سنت و جماعت فاروق نگر شادنگر (داداے حافظ صاحب) نے فرمائی ۔ محفل کا آغاز درود و سلام سے ہوا اور رقت آمیز دعا پر یہ روحانی و علمی اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا ۔
اجتماع سے بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت حضرت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی جامع السلاسل، مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے قرآنِ مجید کی عظمت و رفعت پر مدلل اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ حکیم انسانیت کے لئے مکمل ضابطۂ حیات ہے جو دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت دیتا ہے ۔ آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ نبویؐ کی روشنی میں انہوں نے واضح کیا کہ قرآن سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری اور دینی فریضہ بھی ہے ۔
فضائلِ حافظِ قرآن بیان کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ حافظِ قرآن اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں میں شمار ہوتا ہے ، اور بروزِ قیامت اس کے لئے بلند درجات اور خصوصی انعامات کا اللہ جل مجدہ نے وعدہ فرمایا ہے۔ انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ وہ اپنی اولاد کو حفظِ قرآن کی دولت سے سرفراز کریں کیونکہ یہ ان کے لئے صدقۂ جاریہ اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے ۔
اسی طرح برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیہؓ گوگی شریف ضلع یادگیر (کرناٹک) حضرت مولانا مفتی سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن نے اپنے پراثر اور جذباتی خطاب میں علماء و حفاظِ کرام کے مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس جماعت بروزِ محشر امت کی شفاعت کا ذریعہ بنے گی ۔ انہوں نے قرآنِ کریم سے عملی وابستگی اور اس کی تعلیمات پر ملت اسلامیہ کو عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اجتماع کے اختتام پر حاضرین نے قرآنِ کریم سے اپنے تعلق کو مزید مضبوط کرنے اور اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ قرآنی کے مطابق ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ پروگرام دعا پر اختتام پذیر ہوا اور علاقے میں ایک روحانی فضاء قائم ہوگئی ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں