ضلع آصف آباد کے تقریباً تمام اُردو صحافیوں کی ٹی یو ڈبلیو جے یو میں شمولیت ضلع آصف آباد میں اردو ٹریڈ یونین کی نئی باڈی تشکیل، مرزا سلیم بیگ صدر، منورالدین جنرل سکریٹری مقرر
ضلع آصف آباد کے تقریباً تمام اُردو صحافیوں کی ٹی یو ڈبلیو جے یو میں شمولیت
ضلع آصف آباد میں اردو ٹریڈ یونین کی نئی باڈی تشکیل، مرزا سلیم بیگ صدر، منورالدین جنرل سکریٹری مقرر-
آصف آباد-یکم/ فبروری( اسٹیٹ سماچار ) اردو زبان کی ترقی و استحکام ،بقاء و فروغ اور اردو صحافت کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) ضلع آصف آباد کی نئی باڈی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔ ممتاز سینئر صحافی عابد احمد منصف اسٹاف رپورٹر کی ہدایت پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ضلع کے سابق صدر جناب مرزا سلیم بیگ اور ان کے رفقائے کار نے باضابطہ طور پر ٹی یو ڈبلیو جے یو میں شمولیت اختیار کرلی ہے ، جسے اردو صحافت کے لئے ایک اہم سنگ میل اور مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ضلع مرکز آصف آباد میں منعقدہ ایک پُرامن ، منظم اور متفقہ انتخابی پروگرام کے دوران نئی ضلعی باڈی کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں جناب محمد عابد احمد مشیراعلیٰ جناب مرزا سلیم بیگ کو متفقہ طورپر صدر ضلع یونین ، محمد شرف الدین اور محمد اعجاز کو نائبین صدر، محمد منورالدین کو جنرل سیکریٹری اور سید اقبال کو خازن منتخب کیا گیا۔یہ انتخابی عمل جناب مرزا سلیم بیگ (نمائندہ منصف آصف آباد) کی نگرانی اور تعاون سے ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے تمام اردو صحافیوں کے اشتراک سے انجام پایا۔اس پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی ریاست تلنگانہ کے نامور، بے باک اور سینیئر صحافی ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ (صدر ریاستی تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین) شریک رہے ، جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا مفتی رئیس الدین قاسمی (سکریٹری جنرل، ٹی یو ڈبلیو جے یو)، ڈاکٹر ساجد معراج (ریاستی بانی سرپرستِ اعلیٰ)، اسد العلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی ( ریاستی سکریٹری ) ، نواب محمد ابرار اللہ (کنوینر یونین حیدرآباد) ، محمد علیم (ضلع صدر عادل آباد) اور محمد اکبرالدین (پی آر او، عادل آباد) نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور صحافی اپنے قلم کے ذریعے عوام کو انصاف دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کسی ایک مذہب یا قوم تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ گیر، تہذیبی اور شیریں زبان ہے، جس کے فروغ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ریاستی صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کی کامیابی کا راز اس کے کام اور کردار میں پوشیدہ ہوتا ہے ، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پاور کمیٹی میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کو نمائندگی حاصل ہے، جو اسے دیگر تنظیموں سے ممتاز بناتی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی و ضلعی ایکریڈیشن کمیٹیوں میں اردو میڈیا کے نمائندوں کو شامل کروانا بھی اس تنظیم کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کردار و گفتار میں یکسانیت اس تنظیم کا اہم و نمایاں وصف جمیل ہے۔ ڈاکٹر ساجد معراج نے اپنے خطاب میں صحافت کے بنیادی اصولوں کے علاوہ صحافتی ذمہ داریوں پر اور سابق جی او 239 اور نئے جی او 252 پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی اور کہاکہ اس یونین کو ہائی کورٹ کے ذریعہ جی او 239 کی منسوخی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
مفتی رئیس الدین قاسمی نے کہا کہ تنظیم کی مسلسل جدوجہد کے نتیجہ میں اردو صحافیوں کو ریاست میں ایک منفرد شناخت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اردو صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ غیر اردو داں قیادت کے بجائے حقیقی اردو داں صحافی قائدین کے ساتھ جڑیں اور گمراہ کن پروپگنڈے سے ہرگز متأثر نہ ہوں ۔ ریاستی سیکریٹری مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے کہا کہ تنظیم کے مرکزی قائدین اردو صحافت کے افق پر آفتاب و مہتاب کی مانند ہیں اور اردو صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کی بازیابی کے لئے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔وہیں جناب محمد علیم ضلع صدر عادل آباد، نے کہا کہ ٹی یو ڈبلیو جے یو ملک کی واحد اردو صحافیوں کی ٹریڈ یونین ہے اور اس سے وابستہ رہنا اردو صحافیوں کے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ صحافیوں کی حقیقی فلاح و بہبود اسی پلیٹ فارم سے ممکن ہے۔مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ اردو اخبارات و رسائل کی خریداری کو فروغ دیں ، اشتہارات اردو اخبارات میں شائع کروائیں ، تجارتی اداروں پر اردو سائن بورڈز نصب کریں اور سوشل میڈیا پر رومن انگریزی کے بجائے خالص اردو زبان میں تحریریں شائع کریں، کیونکہ اردو عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے ۔محمد عابد احمد نے کہا کہ ٹی ڈبلیو جے یو ٹریڈ یونین ہے جو ریاست تلنگانہ پہلی بار قیام کی گئی ہے جس کے ذریعے اردو صحافیوں کے مسائل کو حل کیا جاتا ہے انہوں نے ریاستی صدر سکریٹری دیگر اراکین عملا سے اظہار تشکر کیا -آخر میں تمام مہمانانِ خصوصی ریاستی ذمہ داران اور نو منتخب ضلع باڈی کے اراکینِ عاملہ کو تہنیت پیش کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹی یو ڈبلیو جے یو کے پلیٹ فارم سے اردو زبان اور اردو صحافت کی خدمت پوری قوت اور اخلاص کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔پروگرام کا آغاز حافظ و قاری محمد ساجد خان (نمائندہ آداب تلنگانہ و ٹی ٹی وی نیوز) کی خوش الحان تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے بارگاہ رسالت مآب صل اللہ علیہ وعلی وصحبہ وسلم میں ہدیہء نعتِ شریف پیش کی۔ استقبالیہ خطاب مرزا سلیم بیگ نے کیا ، جبکہ نظامت کے فرائض محمد منور خان نے بحسن و خوبی انجام دیئے ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں