خلاصہ تفسیر پارہ نمبر 21

بسم اللہ الرحمن الرحیم
اکیسواں پارہ
اس پارے میں پانچ حصے ہیں:
۱۔ سورۂ عنکبوت (بقیہ حصہ)
۲۔ سورۂ روم (مکمل)
۳۔ سورۂ لقمان (مکمل)
۴۔ سورۂ سجدہ (مکمل)
۵۔ سورۂ احزاب (ابتدائی حصہ)
(۱) سورۂ عنکبوت کے بقیہ حصے میں چار باتیں یہ ہیں:
۱۔ تلاوت اور نماز کا حکم
۲۔ نماز کی فضیلت (کہ یہ برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے)
۳۔ معاندین اور ان کی ہٹ دھرمیوں کا ذکر
۴۔ دنیا کی بے ثباتی
(۲) سورۂ روم میں دو باتیں یہ ہیں:
۱۔ دو پیش گوئیاں:
1۔ نو سال کے اندر اندر روم کے اہل کتاب (عیسائی) ایران کے بت پرستوں کو شکست دے دیں گے۔
2۔ اسی عرصے میں مسلمان مشرکینِ قریش پر فتح کی خوش منارہے ہوں گے۔ (یہ بدر کی صورت میں ظاہر ہوئی)
۲۔ توحید کے ضمن میں اللہ کی عظمت کی سات نشانیاں:
1۔اشیاء کو اضداد سے پیدا کرنا (زندہ کو مردہ سے اور مردہ کو زندہ سے)
2۔ انسان کی پیدائش مٹی سے
3۔ زوجین کی محبت
4۔ زمین و آسمان کی پیدائش
5۔ رات اور دن کی نیند اور روزگار کی تلاش
6۔ بجلی کی چمک ، بارش اور اس سے غلے کی پیداوار
7۔ زمین اور آسمان کا مستحکم نظام
(۳) سورۂ لقمان میں تین باتیں یہ ہیں:
۱۔ توحید (اللہ کی قدرت کے چار دلائل)
1۔ بغیر ستون کا آسمان
2۔ مضبوط و محکم پہاڑ
3۔ رینگنے والے مویشی اور حشرات
4۔ برسنے والی بارش
۲۔ حضرت لقمان کی اپنے بیٹے کو پانچ وصیتیں:
1۔ شرک نہ کرو۔
2۔ اللہ تعالیٰ ہر چھوٹی بڑی چیز اور عمل کو آخرت میں سامنے لے آئیں گے۔
3۔ نماز ، امر بالمعروف ، نہی عن المنکر ، آزمائش میں صبر۔
4۔ عاجزی اختیار کرو ، تکبر سے بچو۔
5۔ معتدل چلو ، مناسب آواز میں بات کرو۔
۳۔ توحید کے ضمن میں یہ بتایا گیا کہ پانچ چیزوں کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے:
1۔ بارش کہاں اور کتنی برسے گی
2۔ قیامت کب آئے گی؟
3۔ پیٹ میں بچہ کن اوصاف کا حامل ہے؟
4۔ موت کب اور کہاں آئے گی؟
5۔ انسان کل کیا کرے گا؟
(۴) سورۂ سجدہ میں چار باتیں یہ ہیں:
۱۔ قرآن کی عظمت
۲۔ توحید (آسمان و زمین کا خالق وہی ہے ، ہر کام کی تدبیر وہی کرتا ہے، پانی کے ایک حقیر قطرے سے مختلف مراحل طے کرانے کے بعد انسان کو وجود بخشا پھر اسے انتہائی پر کشش صورت اور متناسب قدوقامت والا بنایا۔)
۳۔ قیامت (مجرم اس دن سرجھکائے کھڑے ہوں گے، ان پر ذلت چھائی ہوئی ہوگی ، وہ دنیا میں واپس آنے کی تمنا کریں گے، مومنین جو دنیا میں اللہ کے لیے اپنی راحتوں کو قربان کرتے ہیں ، اللہ نے آخرت میں ان کے لیے ایسی نعمتیں تیار کر رکھی ہیں جنھیں کوئی نہیں جانتا۔)
۴۔ رسالت (حضرت موسیٰ علیہ السلام کو تورات دیے جانے کا ذکر ہے۔)
(۵) سورۂ احزاب کے ابتدائی حصے میں دو باتیں یہ ہیں:
۱۔ زمانۂ جاہلیت کے تین غلط خیالات کی تردید کی گئی ہے:
1۔ ان کا خیال تھا کہ بعض لوگوں کے سینے میں دو دل ہوتے ہیں ، بتایا کہ دل تو بس ایک ہی ہوتا ہے ، یا اس میں ایمان ہوگا ، یا کفر ہوگا۔
2۔ کلماتِ ظہار کہنے سے بیوی ہمیشہ کے لیے حرام نہیں ہوتی بلکہ کفارہ دینے سے حلال ہوجائے گی۔
3۔ منہ بولا بیٹا شرعی احکام میں حقیقی بیٹے کی طرح نہیں ہوتا۔
۲۔ دو غزووں (غزوۂ احزاب اور غزوۂ بنی قریظہ) کا ذکر ہے۔
خلاصہ قرآن پارہ نمبر 21
اکیسویں پارے کا آغاز سورۃ عنکبوت کے بقیہ حصے سے ہوتا ہے۔ اللہ پاک حضرت محمد علیہ السلام سے فرماتے ہیں کہ جو کتاب آپ پر نازل کی گئی ہے اس کی تلاوت کریں اور نماز قائم کریں، بے شک نماز فحاشی اور برے کاموں سے ہٹا دیتی ہے۔ اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ آپ پہلے سے نہ کوئی کتاب پڑھے تھے نہ اپنے ہاتھ سے لکھتے تھے ورنہ اہلِ باطل شک کرتے (کہ قرآن اللہ کی وحی کردہ کتاب نہیں ہے بلکہ جناب محمد یہ آیتیں خود گھڑتے ہیں)۔ آپ کا بغیر کسی سابقہ تعلیم کے قرآنِ مجید جیسی کتاب کو پیش کرنا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ آپ پر وحی آتی ہے اور آپ اللہ کے نبی اور رسول ہیں۔ یہ بھی ارشاد ہوا کہ یہ واضح آیات ہیں جن کو اللہ نے اہلِ علم کے سینوں میں محفوظ فرما دیا ہے۔ اللہ کی آیات سے جھگڑنے والے لوگ ظالم اور کافر ہیں۔ اللہ تعالی نے اس سورت میں مشرکینِ مکہ کی بداعتقادی کا ذکر کیا کہ جب وہ سمندروں میں ہوتے ہیں تو اللہ کو پورے اخلاص سے پکارتے ہیں اور جب خشکی پر ہوتے ہیں تو شرک کا ارتکاب اور اللہ کی نعمتوں کا انکار کرتے ہیں۔
اس سورت کے آخر میں اللہ نے فرمایا ہے کہ جو لوگ میرے راستے میں جد و جہد کرتے ہیں میں ان کو ضرور راستے دکھاؤں گا، اور بے شک اللہ احسان کرنے والوں کے ساتھ ہے۔
سورۃ عنکبوت کے بعد سورۃ روم ہے۔ یہ سورت اس وقت نازل ہوئی جب روم کو ایران کے آتش پرستوں سے شکست ہوئی۔ کفارِ مکہ ایرانیوں کی اس فتح پر بہت خوش تھے۔ اللہ نے اس سورت میں مومنوں کی دلجوئی کے لیے اعلان فرمایا کہ اہلِ روم مغلوب ہوگئے، قریب کی سرزمین (شام) میں اور اپنی مغلوبیت کے بعد چند ہی سال میں غالب آئیں گے۔ پہلے بھی ہر چیز کا اختیار صرف اللہ کے پاس تھا اور بعد میں بھی صرف اس کے پاس رہے گا اور اس دن سے مومن خوش ہو جائیں گے۔ (جب ان آیات کا نزول ہوا تو مشرکینِ مکہ نے ظاہری حالات کو دیکھتے ہوئے اس کو ناممکن خیال کیا۔ یہ لوگ خدا کی طاقت اور اختیارات سے ناواقف تھے اس لیے ان کی نگاہ صرف ظاہری حالات پر تھی۔ اللہ نے ہجرت سے ایک سال قبل ایرانیوں کو کمزور کرنا شروع کر دیا اور 2 ہجری میں ایرانیوں کا سب سے بڑا آتشکدہ بھی رومی فتوحات کی لپیٹ میں آگیا۔ اسی سال بدر کے معرکے میں مسلمانوں کو اللہ نے غلبہ عطا فرمایا اور مسلمانوں کی خوشیاں دوچند ہوگئیں کہ رومیوں کی فتح کی اچھی خبر سننے کو مل گئی اور اللہ نے مسلمانوں کو بھی کافروں کے مقابلے میں فتح یاب فرما دیا۔)
یہ سورت حزب الرحمن یعنی رحمان کا گروہ اور حزب الشیطان کے درمیان معرکہ کا ذکر کرتی ہے جو ہمیشہ سے جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گا یہاں تک اللہ تعالیٰ فیصلہ فرما کر دونوں کو ان ٹھکانوں پر پہنچا دیں. اللہ کا ارشاد ہے کہ جب قیامت قائم ہوگی تو فرقے الگ الگ ہوجائیں گے اور مومنوں کو جنت رسید اور کفار کو جہنم رسید کیا جائے گا. یہ سورت ہمیں بتاتی ہے کہ حق والے ہمیشہ غالب رہیں گے. اگر کہیں حق والے مغلوب ہیں تو وہ دیکھیں کہیں انھوں نے باطل کے طور طریقوں کو تو نہیں اپنا لیا اور کہیں باطل نے حق کے طور طریقے اپنا لیے ہیں.
اس سورت میں اللہ نے مسلمانوں کی نصیحت کی ہے کہ قرابت داروں، مساکین اور مسافروں کا حق ان کو دینا چاہیے۔ یہ بہتر ہے کہ ان لوگوں کے لیے جو اپنے اللہ کی زیارت کرنا چاہتے ہیں اور یہی لوگ کامیاب ہیں۔ ارشاد ہے کہ جو سود انسان کھاتا ہے اس کا مقصد مالوں کو پرورش دینا ہوتا ہے لیکن اس سے مال پروان نہیں چڑھتا اور جو زکوٰۃ اللہ کے لیے دی جاتی ہے اللہ اس سے مال میں اضافہ فرماتے ہیں۔
اس سورت کے آخر میں کفار کا ذکر ہے کہ وہ قرآن مجید کی آیات کو نہ سنتے ہیں نہ دیکھتے ہیں اور نہ ہی غور کرتے ہیں جیسے کے مردہ ہوں.
سورۃ روم کے بعد سورۃ لقمان ہے۔ اس میں اللہ نے ارشاد فرمایا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے والے لوگ نمازیں قائم کرنے والے، زکوٰۃ ادا کرنے والے اور آخرت پر پختہ یقین رکھنے والے ہوتے ہیں۔ بعض لوگ لغو باتوں کی تجارت کرتے ہیں اور ان کا مقصد صرف لوگوں کو گمراہ کرنا ہوتا ہے، ایسے لوگوں کے لیے اللہ نے ذلت والا عذاب تیار کر رکھا ہے۔
اللہ نے جنابِ لقمان کا ذکر کیا ہے جن کو دانائی سے نوازا گیا تھا۔ لقمان نے اپنے بیٹے کو کچھ قیمتی نصیحتیں کی تھیں جن کا خلاصہ یہ ہے کہ اے جانِ پدر شرک نہ کرنا، شرک بہت بڑا ظلم ہے۔ نیز والدین کی خدمت کی تلقین کی۔ پھر اللہ کے علم کی وسعتوں سے آگاہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اے میرے بیٹے اگر رائی کے دانے کے برابر کوئی چیز کسی چٹان کے اندر یا آسمان و زمین میں ہو تو اللہ اس کو بھی سامنے لائے گا، بے شک اللہ بڑا باریک بین باخبر ہے۔ نیز فرمایا کہ اے میرے بیٹے نماز قائم کر، بھلائی کا حکم دے اور برائی سے روک، اور جو تکلیف تجھے پہنچے اس پر صبر کر، بےشک یہ بڑی ہمت والے اور ضروری کام ہیں۔ اخلاق کریمانہ کی نصیحت کی کہ لوگوں سے اپنا چہرہ پھیر کر بات نہ کر (یعنی بے رخی سے) اور زمین پر اکڑ کر مت چل، بے شک اللہ اکڑ کر چلنے والے اور متکبرین کو پسند نہیں کرتا، اور اپنی چال میں میانہ روی اختیار کر، اور اپنی آواز پست رکھنا کیونکہ بلند آواز اگر اچھی ہوتی تو گدھے کی آواز اچھی ہوتی حالانکہ آوازوں میں بدترین آواز گدھے کی آواز ہے.
مشرکین کی تردید کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر خود ان سے سوال کیا جائے تو کہیں گے کہ زمین و آسمان کا خالق اللہ ہے. اگر تمام درختوں کے قلم بنا لیے جائیں اور ساتوں سمندر روشنائی بن جائیں تب بھی خالق کائنات کی صفات مکمل بیان نہیں ہو سکتیں.
اس سورت کے آخر میں اللہ پانچ ایسی باتوں کو ذکر کیا ہے جن کو صرف وہ جانتا ہے: ساعت یعنی قیامت کا علم، بارش کا ہونا، ماؤں کے رحموں میں کیا ہے، کسی نفس کو نہیں معلوم کہ کل کیا ہوگا (یا کل وہ کیا کر سکے گا) اور کوئی نہیں جانتا وہ کس زمین میں مرے گا۔ ان تمام باتوں کا علم صرف باخبر اور علم رکھنے والے اللہ کے پاس ہے۔
اس کے بعد سورۃ الم سجدہ ہے جس میں اللہ نے اپنی قدرت کا اظہار فرمایا ہے. انسان کو توجہ دلائی کہ وہ اپنی تخلیق پر غور کرے کہ اللہ نے کیسے اور کن مراحل میں اس کی تخلیق کی ہے. پھر فرمایا ہے کہ اللہ نے ملک الموت کو انسانوں کی ارواح قبض کرنے پر مامور کیا ہے۔
اللہ نے جنت کی نعمتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ کسی انسان کو علم نہیں کہ اللہ نے آنکھوں کی ٹھنڈک کے لیے کیا کیا اہتمام فرمایا ہے. یہ سورت مومنین اور مجرمین دونوں کا حال بتاتی ہے. ارشاد ہے کہ مومن اور فاسق برابر نہیں ہو سکتے. مجرم قیامت کے دن سر جھکائے کھڑے ہوں گے. ان کے چہروں پر ذلت ہوگی اور کہیں گے کہ کاش ہمیں واپس لوٹا دیا جائے تو ہم نیک اعمال کریں. مومنین اللہ سے ڈرتے ہیں اور ان کے پہلو راتوں کو بستر سے جدا رہتے ہیں، اور اللہ کے دیے ہوئے مال سے اس کی راہ میں خرچ کرتے ہیں. مومن کا مقدر جنت جب کہ فاسق کا مقدر جہنم کے انگارے ہیں.
سورۃ سجدہ کے بعد سورۃ احزاب ہے۔ شروع کی دو آیات میں اللہ تعالٰی نے مسلمانوں کو لائحہ عمل دیا ہے کہ اللہ سے ڈرو، کفار کی پیروی مت کرو اور صرف وحی کی پیروی کرو اور اللہ پر بھروسہ رکھو. اس کے بعد فرمایا کہ کسی انسان کے سینے میں دو دل نہیں ہوتے ایک ہی دل ہوتا ہے جس کفر ہوگا یا اسلام. اس کے بعد ازواجِ مطہرات کو امت کی مائیں قرار دے کر ان کی عظمت کو بیان کیا. آگے چل کر اللہ نے جنگِ خندق کا ذکر کیا ہے جس میں کافروں کی افرادی قوت دیکھ کر منافقین کے دلوں پر ہیبت طاری ہوگئی تھی جب کہ اہلِ ایمان پوری استقامت سے میدان میں ڈٹے رہے۔ ایک لشکرِ جرار نے مدینے پر حملہ کیا۔ رسول اللہ کے ساتھ صحابہ کرام کے علاوہ سترہ سو یہودی حلیف تھے۔ سترہ سو حلیف اتنی بڑی فوج دیکھ کر بھاگ گئے۔ اب صرف چار ہزار جانباز مسلمانوں کی جماعت کے ذریعے خدا نے اہلِ ایمان کی مدد فرمائی اور کافر کثرتِ تعداد اور وسائل کی فراوانی کے باوجود ذلت آمیز شکست سے دوچار ہوکر بھاگ کھڑے ہوئے۔ اس سورت میں اللہ نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ جس کو اللہ سے ملاقات اور یومِ حساب کی آمد کا یقین ہے اس کے لیے رسول اللہ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔
اس پارہ کے اختتام اور اگلے پارہ کے شروع میں اللہ تعالٰی نے ازواجِ مطہرات کو بالخصوص اور عام خواتین کو بالعموم چند معاشرتی آداب سکھائے ہیں جن کا ذکر ان شاءاللہ اگلے پارے کے آغاز میں ہوگا.
اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں قرآنِ مجید میں بیان کردہ مضامین سے عبرت اور نصیحت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
*شہر اردو ڈیجیٹل*

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول کے معلم جناب احسان اللہ رومی کے عمرہ سفر پر دعائیہ تقریب

بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول آمبور میں جشن یوم جمہوریہ۔

پرنام بٹ اردو اکیڈمی کے ماہانہ مشاعرے کی پہلی نشست منعقد