یارانِ ادب کی جانب سے عیدملن مشاعرہ کاکامیاب انعقاد عید ملن مشاعرہ فاصلے مٹانے اور انسانیت کے رشتے کو مضبوط کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے:محمدامین الدین نواز

یارانِ ادب کی جانب سے عیدملن مشاعرہ کاکامیاب انعقاد
 عید ملن مشاعرہ  فاصلے مٹانے اور انسانیت کے رشتے کو مضبوط کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے:محمدامین الدین نواز 
بیدر۔ 3/اپریل (پریس نوٹ) بیدر کی قدیم ادبی تنظیم یاران ِ ادب کی جانب سے آج بعدنماز جمعہ سہ پہر تین بجے دن دفتر صفا بیت المال، تعلیم صدیق شاہ بیدر پر عیدملن مشاعرہ کامولانا محمد مونس کرمانی کی زیرنگرانی کامیاب انعقادعمل میں آیا۔ جس کی صدارت بزرگ شاعر جناب محمدامیرالدین امیرؔ نے انجام دی۔ جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد امین الدین نواز رکن کرناٹک اردو اکادمی، حکومت کرناٹک اور جناب محمد کمال الدین شمیم ؔشریک رہے۔ ہمناآباد سے اردو صحافی اور شاعر جناب جاوید احمد نقیب ؔ اور جناب محمد ظہیرالدین زہیرؔبھی بحیثیت شاعر عیدملن مشاعرہ کاحصہ بنے۔ عیدملن مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جناب محمد امین الدین نوازؔ نے کہاکہ”آج کی یہ بابرکت اور روح پرور محفل، عید ملن کی مسرتوں اور اردو ادب کی دلآویز لطافتوں کا ایک حسین سنگم ہے۔ اس باوقار عید ملن مشاعرہ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت میرے لیے باعثِ سعادت اور موجبِ افتخار ہے۔ میں تہہ دل سے ممنون ہوں۔عید دراصل خوشیوں، محبتوں اور باہمی اُلفتوں کو فروغ دینے کا پیغام لے کر آتی ہے۔ اور جب ان خوشیوں کا امتزاج ادب، خصوصاً شاعری کے ساتھ ہو جائے تو اس کی تاثیر دوچند ہو جاتی ہے۔ عید ملن مشاعرہ محض ایک ادبی نشست نہیں بلکہ یہ دلوں کو جوڑنے، فاصلے مٹانے اور انسانیت کے رشتے کو مضبوط کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ مشاعرہ ہماری عظیم تہذیبی روایت کا ایک درخشاں باب ہے، جہاں الفاظ محض اظہار کا وسیلہ نہیں رہتے بلکہ جذبات، احساسات اور افکار کی مکمل عکاسی بن جاتے ہیں۔ یہاں شعراء اپنے کلام کے ذریعے نہ صرف حسن و عشق کی ترجمانی کرتے ہیں بلکہ معاشرتی مسائل، انسانی قدروں اور وقت کے تقاضوں کو بھی نہایت دلنشیں انداز میں پیش کرتے ہیں۔ یہی وہ محفلیں ہیں جو ہمیں سوچنے، سمجھنے اور اپنے گرد و پیش کا شعور حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ آج کی یہ محفل یقیناً ادب کے شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے معزز شعرائے کرام اپنے منتخب اشعار سے نہ صرف ہمیں محظوظ کیا بلکہ ہمارے اذہان کو جِلا بخشااور تازگی عطا کی۔ موصوف نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام بیدر میں سابق میں محمدیوسف رحیم بیدری کی قیادت میں ہوتے رہے ہیں، درمیان میں بوجوہ بندر ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ بھی ادبی تقاریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد ہوتا رہے گا۔پروگرام کاآغاز محمدیوسف رحیم بیدری نے آیت ِ کریمہ اور نبی کریم ﷺ پر درودشریف پیش کرتے ہوئے کیاجو اس مشاعرہ کے ناظم رہے۔تمام شعراء اور مہمان کے علاوہ مسجد امام المدرسین کے صدر جناب عبدالقادر صاحب کی شالپوشی اور گلپوشی بھی کی گئی۔ بعدازاں مشاعرہ کاآغاز عمل میں آیا۔ جناب جاوید احمد نقیب ؔ(ہمناآباد)، جناب مقصودعلی مقصودؔ، جناب شجاعت علی خان، جناب حامدسلیم حامد ؔ، جناب مفتی افسرعلی نعیمی ندوی (عربی شاعر)،جناب محمد ظہیرالدین زہیرؔ(ہمناآباد)،جناب محمد کما ل الدین شمیم ؔ، جناب میرؔبیدری،اورجناب امیرالدین امیرؔ نے اپنا اپنا کلام پیش کیااور دادوتحسین حاصل کی۔ جناب محمدایوب علی،جناب عبدالقدیر لشکری، جناب سراج الحسن شادماں،جناب محمد سلطان، جناب جعفر بیگ صاحب، جناب محمدابرارالدین، محمد عمر فاروق، حافظ ابوالاعلیٰ، اور دیگر نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ سبھی کے لئے شیرخورمہ اور طعام کااہتمام کیاگیاتھا۔ محمدیوسف رحیم بیدری کے اظہار تشکر پر عید ملن مشاعرہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول کے معلم جناب احسان اللہ رومی کے عمرہ سفر پر دعائیہ تقریب

بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول آمبور میں جشن یوم جمہوریہ۔

پرنام بٹ اردو اکیڈمی کے ماہانہ مشاعرے کی پہلی نشست منعقد